خُدا نے میرے قلب میں صدا یہی لگائی ہے
سَدا یہ دُنیا اُس کے ہونے کی بَڑی گَواہی ہے
نمازی جب وَفورِ شوق سے ہو گر قَیام میں
وہ مُنہَمک ہو کے خُدا سے ہوتا ہے کلام میں
رُتوں کو بَدل دے یار کے حُضور ایک سجدہ
وِصال میں کمالِ حرفِ دل سے ہو گیا ہے بندہ
یہ اَجنبی ہے کون؟ رقص میں یہی ہے جھومَتا
دُھواں یہ کیسا نعش کے چَہار سو ہے گھومتا
حُسینی لعل نے جواہِرات سب لُٹا دیے
سَخا کے دریا کربلا کی ریت میں بَہا دِیے
یہ اقتَباسِ زندَگی مِلا جو کربَلا سے ہے
لٹا دو سارا مال جو خدا سے پایا تم نے ہے
سکوت میں وہ نغمہِ بہاراں تو سُنا کرو
ثَبات کی نہی میں یُوں ہی جستجو کیا کرو
دُعا کو ہاتھ جب اُٹھے، وہ کام پورا تب ہوا
خدا سے مانگنا تو ربط کا بہانہ ہے بنا
قَضا کا عہدہ دے فَرشتوں کو،یہ اس کی بات ہے
خلیفہ انس کو بنایا ہے، یہ اس کی ذات ہے
وہ عالی، وہ خبیر، وہ جلیل، وہ شہید ہے
صفات میں نہاں وہی، خیال عین دید ہے
شبیر نے جو رسمِ حج اَدا کی تھی سجود میں
حُسینی رنگ کیوں رَہے جَہاں میں پھر حدود میں